اور
اس میں بہتری لانے کی ضرورت
ہمارا تجربہ اور مشاہدہ یہ ہے کہ
مدرسوں کے اندر کبھی نہ کبھی فتنہ پیدا ہوا ہے اور اختلافات اور
جھگڑے ہوئے ہیں ،پھر مدرسے یا تو تباہ ہوگئے یا ان کے دو دو تین
ٹکڑے ہوگئے ۔ان میں بنیادی کردارحسابات کا تھا۔بعض
مرتبہ پیسوں میں خورد برد ہوتی؛ لیکن ایسے واقعات
بہت کم ہوئے۔زیادہ ترایسا ہوا کہ حسابات کے اندر بدنظمی
تھی۔حسابات واضح نہیں تھے۔یعنی اس طرح نہیں
تھے کہ کوئی الزام لگائے اور ثابت کیا جاسکے کہ تمھاراالزام غلط ہے۔(اصلاحی
تقریریں جلد ہفتم ص:۱۱۱)
یہ مفتی اعظم پاکستا ن مفتی
رفیع عثمانی صاحب کے الفاظ ہیں جن سے کسی مدرسے کے شعبہٴ
حسابات کی حساسیت کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتاہے۔
دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔یہ مسلمانوں کے مذہبی
اقدار کی پاسدار ،ان کے دینی اور تاریخی ورثے کی
نگہبان ہیں۔مسلمانوں کی تہذیب و ثقافت اور رسوم و روایات
کی بقا انھیں کے دم خم سے ہے۔ان کی بنیاد پر ہم بجا
طور کہہ سکتے ہیں کہ مدر سے کا فیض مدرسے کی چاردیواری
تک محدود نہیں؛بلکہ پورے معاشرے میں اس کے اثرات پھیلے ہوئے ہیں
۔آج اسلامی ملکوں میں اسلامی فکر اور اس کی تہذیب
و تمدن کی جو رہی سہی رنگ و بو باقی ہے، وہ مدرسے اور اس
سے مستفیضین ہی کی بہ دولت ہے۔
دوسری طرف یہ بھی ایک
حقیقت ہے کہ کسی بھی ادارے کی ترقی یا تنزلی
کا دارومدار بنیادی طور پر شعبہٴ حسابات کی درستگی
پر موقوف رہتا ہے۔ لہٰذا اگریہ شعبہٴ درست چلے اور اس کے
منتظمین نیک، راست باز اور دیانتدار ہونے کے ساتھ ساتھ مالیاتی
امور کے ماہر ہوں تو یہ ادارے کے مستقبل کے لیے نیک شگون کی
علامت ہوتی ہے۔اور اگر خدانخواستہ یہ شعبہ مندرجہ بالا صفات سے
متصف افرادسے خالی ہو تو بربادی شعبے تک محدود نہیں رہتی؛بلکہ
پورے ادارے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔اس
سے ادارے کی تعلیمی صلاحیت غارت ہوجاتی ہے۔اس
کی نیک نامی بدنامی میں تبدیل ہوجاتی
ہے،اور ادارہ ہر اعتبار سے کھوکھلاہو کر رہ جاتاہے۔
ہمارے ہاں چند گنے چنے مدارس کو چھوڑ کر
باقی میں یا تو شعبہٴ حسابات قائم ہی نہیں کیا
جاتا اور مالیاتی امور کا کوئی ریکارڈ نہیں رکھا
جاتا ہے۔یا ریکارڈ تو رکھا جاتا ہے؛ لیکن اس میں
جدت اور بہتری نہیں لائی جاتی اور یوں صدیوں
قبل رائج طریقہٴ حسابات کے تحت آج بھی کاغذ قلم اور بڑے بڑے
رجسٹروں کی مدد سے یہ سب کچھ سرانجام دیا جاتاہے۔جس میں
وقت کا ضیاع الگ، ملازمین کی کثرت اور ان کی تنخواہوں کا
بوجھ الگ،حسابات میں خورد برد الگ اور ان سب کو محفوظ رکھنا الگ ایک
مستقل مسئلہ بنا رہتا ہے؛ اس لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ
تمام اداروں میں یہ شعبہ قائم کیا جائے اور حسابات میں
سہولت اور آسا نی پیدا کرنے کے لیے اس میں جدت اور بہتری
لائی جائے۔
مدرسے کے شعبہٴ حسابات کے بنیادی کام
کسی مدرسے میں قائم شعبہٴ
حسابات بنیادی طور پر درج ذیل پانچ کام سرانجام دے گا:
(۱)آنے والی آمدنی کا حساب رکھنا(Money in)
باہر سے موصول ہونے والی تمام رقوم
کا حساب رکھنا،چاہے وہ زکاة کی مد میں ہو،فطرے کے پیسے ہو،عطیات
کی صورت میں ملنے والی رقم ہو یا ادارے کی طرف سے
قائم کردہ کسی کاروبار کا منافع ہو۔ان میں سے ہر ایک کے لیے
الگ الگ کیٹیگری بنائی جائے گی؛ تاکہ بہ وقت ضرورت
حساب کرنے میں آسانی رہے۔
(۲)آدائیگیوں کا حساب رکھنا(Money out)
مدرسے کی جانب سے جو پیسے
مدسے سے باہر جارہے ہیں ان سب کا حساب رکھنا۔مثلاً بجلی ،ٹیلی
فون اور گیس کے بلز کا خرچہ،مطبخ کا خرچہ،ڈسپنسری کا خرچہ وغیرہ۔ان
میں سے بھی ہر ایک کی الگ الگ کیٹیگری
بنائی جائے ۔اس سے ادارے کے تمام مالی معاملات پاک اور صاف رہیں
گے، اور یہ معلوم کرنا آسان ہو گا کہ کس مد میں کتنے پیسوں کی
ضرورت تھی اور کتنے خرچ ہوئے۔
(۳)مدرسین اور ملازمین کی تنخواہوں کا حساب(Payroll)
شعبہٴ حسابات کا تیسرا بڑا
کام یہ ہوگاکہ مدرسے میں موجود تدریسی اور غیر تدریسی
عملے کی تفصیلی فہرست مرتب کی جائے اور انھیں ان کی
حاضری ، علمی استعداد اور محنت کے بقدر ماہانہ وظیفہ جاری
ہواکرے۔
(۴)مالیاتی رپورٹس اور بیلنس شیٹس تیار
کرنا(Reporting )
مدرسے کے شعبہٴ حسابات کا ایک
اور اہم کام یہ ہوگا کہ و ہ وقتاً فوقتاً ادارے کے مالیات کے بارے میں
رپورٹس اور چارٹس مرتب کیا کریں،اور انھیں ادارے کے اساتذہ اور
شیوخ کے سامنے پیش کیا کریں؛ تاکہ مدرسے میں اعتماد
کی فضاء بحال رہے اور سب کو مدرسے کے مالی معاملات کا پتہ چلتا رہے۔اس
سے ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ مدرسے کا انتظامیہ ادارے کے
مستقبل کے لیے جامع اور مضبوط منصوبہ بندی بھی کرسکیں گے
اور مدرسے کے مالی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے اور مفید اقدامات
کرسکیں گے۔
(۵) ادارے کے پورے مالیاتی
نظام کو کنٹرول کرنا۔
شعبہٴ حسابات کا ایک کام یہ
بھی ہوگاکہ مدرسے کے اندر یا باہر مدرسے کے نا م پر ہونے والے ہر قسم
کے مالی معاملات سے باخبر رہے۔مدرسے کے نام پر موجود جائداد (Assets)،بنک اکاونٹس، وقف
املاک اور دیگر بے شمار قسم کے مالیاتی امور کو کنٹرول کرناشعبہٴ
حسابات کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
ان پانچ بنیادی امور کو
سنبھالنے کے لیے جدید شعبہٴ حسابات میں دو طریقے
اپنائے جاتے ہیں۔
(۱) نقد حسابات(Cash basis accounting)
اس طریقے میں شعبہٴ
حسابات میں موجود افراد کسی رقم کا اندراج تب تک نہیں کرتے جب
تک اسے وصول نہ کریں۔وصول کرنے کے بعد اسے (money in) کے کھاتے میں
لکھ لیتے ہیں۔اسی طرح ادارہ اگر کسی کو کچھ رقم دینا
چاہے تو شعبہٴ حسابات میں اس کا اندراج تب تک نہیں ہوتاجب تک کہ
ادارے سے باقاعدہ ادائیگی نہ ہوجائے۔ادائیگی کے بعد
اسے (Money
out) کے کھاتے میں اس کا انداراج
ہوتا ہے۔
(۲) غیر نقدی
حسابات(accrual basis accounting)
اس میں شعبہٴ حسابات کا کام یہ
ہوتا ہے کہ جیسے ہی کسی کے ذمے لازم ہوجائے کہ وہ ادارے کو اتنی
رقم دیں گے تو اس شعبہ کے (Money in)کے کھاتے ہیں
اس کا اندراج عمل میں لایا جاتا ہے۔اسی طرح اگرادارے کے
ذمے لازم ہوجائے کہ وہ فلاں شخص کو فلاں مد میں اتنی رقم دے گا تو
شعبہٴ حسابات کے (Money out) کے کھاتے میں اس کا اندراج
ہوجاتاہے۔
اس طریقے میں اگرچہ بہ ظاہر
کچھ پیچیدگی معلوم ہوتی ہے؛ لیکن اس میں یہ
فائدہ ہوتا ہے کہ ادارے کو بہت جلد ایک عام اندازہ ہوجاتا ہے کہ اسے نقصان
ہورہا ہے یا فائدہ۔اس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ادارہ پالیسیاں
ترتیب دیتا ہے اور مستقبل کے لیے از سرِ نو منصوبہ بندی
شروع کرتاہے۔
نوٹ:
بڑے بڑے کارخانوں اور کمپنیوں میں
شعبہٴ حسابات کو عموماًاس دوسرے طریقے پر قائم کیا جاتا ہے۔اور
چھوٹی سطح کے کاروباروں میں شعبہٴ مالیات کو پہلے طریقے
(cash
basis accounting) پر قائم کیا
جاتا ہے۔
حسابات کا ریکارڈ رکھنا
مختلف حسابات کے ریکارڈ کو محفوظ
رکھنے کے لیے شعبہٴ حسابات میں دو طریقے رائج ہوتے ہیں:
(۱) روایتی طریقہ(manual recording)
اس میں قلم اور کاغذ کی مدد
سے حسابات کے ریکارڈ کو محفوظ کیا جاتا ہے۔اس میں مختلف
مدات متعین کیے جاتے ہیں اور ہر ایک کے لیے الگ الگ
رجسٹرخاص کیا جاتا ہے،جس میں تمام تر اخراجات کو تاریخ وار درج
کیا جاتا ہے۔یہ طریقہ سادہ ہے۔ اس میں خیانت
اور کسی بھی قسم کی مالی خورد برد کا پتہ چلانا مشکل
ہوتاہے۔نیز وقت اور مال کی بربادی لازم آتی ہے اور
غلطی کا خطرہ ہر وقت موجود رہتاہے۔
(۲) خود کار حساباتی طریقہ
(automated
recording)
اس میں سافٹ ویئر پروگرامز کو
استعمال کیا جاتاہے اور ان کی مدد سے تمام تر حسابات کو کنٹرول کیا
جاتاہے۔اس میں مختلف کھاتے اور مختلف مدات پہلے سے سافٹ ویئر میں
فٹ کردیے جاتے ہیں۔دورانِ حساب آپ صر ف رقوم کا اندراج کریں
گے باقی حساب کتاب کا تمام تر عمل سافٹ ویئر خود انجام دیتا ہے،یہ
طریقہ آسان ہے۔سافٹ ویئرز کے استعمال سے وہ لوگ بھی شعبہٴ
حسابات کو آسانی سے سنبھال سکتے ہیں جو جدید طریقہ
حسابات(accounting
and auditing) سے مناسبت نہیں رکھتے۔
خود کار حساباتی طریقے کے فوائد
شعبہٴ حسابات کو خودکار حساباتی
طریقے کے مطابق ڈھالنے میں بے شمار فوائد ہیں ،ان میں سے
اہم فائدے ذیل میں لکھے جاتے ہیں:
۱- اس
سے وقت کی بچت ہوتی ہے۔
۲- کام
میں آسانی اور سہولت پیدا ہوجاتی ہے۔
۳- زیادہ
ملازمین رکھنے کی ضرورت نہیں پڑتی ۔حسابات کے روایتی
طریقے میں اگر شعبے میں پانچ افراد کی ضرورت تھی تو
خودکار حساباتی طریقے میں دوبندے ساراکام سنبھال سکیں گے۔
۴- اس
میں خیانت کے مواقع کم ہوتے ہیں۔
۵- اگر
کہیں کوئی خورد برد ہوبھی جائے توا س کو ڈھونڈنکالنا آسان
ہوتاہے۔
۶- کام
میں تیزی آجاتی ہے۔
۷-غلطی کے امکانات ختم ہوجاتے
ہیں الا یہ کہ ہندسوں کے اندراج میں کوئی غلطی سرزد
ہوجائے۔
۸- تمام
تر حساباتی کاروائی کو سافٹ ویئر مختلف رپورٹس،گرافس اور چارٹس
کی صورت میں ڈھالتا رہتاہے،جنہیں سمجھنے میں آسانی
ہوتی ہے۔اس کے ذریعے آپ روزانہ ، ماہانہ اور سالانہ بنیادوں
پررپورٹس آسانی سے ترتیب دے سکتے ہیں،اور انھیں پورے
ادارے کے سامنے غور وخوض کے لیے پیش کرسکتے ہیں۔
۹- نیٹ
ورکنگ کے ذریعے ایک ہی وقت میں شعبے کے مختلف افراد اس تک
رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
۱۰-پاسورڈ آپشن کی وجہ
سے یہ طریقہ عام روایتی حساباتی طریقہ سے زیادہ
محفوظ رہتا ہے۔ کوئی بھی شخص آپ کے اکاونٹ اور سافٹ ویئر
سے آپ کی اجازت کے بغیر کوئی معلومات حاصل نہیں کرسکتا۔
خود کار حساباتی طریقے کی تنصیب (installation)کا طریقہ
شعبہٴ حسابات میں جدت ، تیزی
اور سہولت پیدا کرنے کے لیے اس کی اٹومیشن بہت ضروری
ہوتی ہے۔اس کے لیے کئی طرح کے طریقے اپنائے جاتے ہیں،جنہیں
ذیل میں اختصار سے ذکر کیا جاتاہے۔
(۱)اپنے لیے ذاتی سافٹ ویئر تیار کروائیں
ایک فعال اور منظم شعبہٴ
حسابات کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ شعبہ کی ضرورت کے
مطابق اپنا ذاتی سافٹ ویئر ڈیزائن کیا جائے۔اس کے لیے
کسی بھی سافٹ ویئرہاوس تشریف لے جائیں اور انھیں
مدرسے کے شعبہٴ حسابات کی تمام تر ممکنہ خدمات کا ایک خاکہ
سمجھادیں۔وہ ادارے اور شعبے کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے سافٹ
ویئر بناکے دیں گے۔اس کے بدلے وہ اپنی فیس وصول
کرتے ہیں۔یہ فیس ہزاروں سے لے کر لاکھوں تک کی
ہوسکتی ہے۔بعض سافٹ ویئر ہاوسز آپ کو یہ سہولت بھی
دیتے ہیں کہ ہمیں سالانہ سطح پر فیس دیا کریں
جس کے بدلے جب بھی سافٹ ویئر میں کوئی مسئلہ آئے گا یا
اس میں کوئی تبدیلی کرنی پڑے تو ہم بغیر کسی
اضافی چارجز کے حل کریں گے۔تمام بڑے ادارے اسی پر عمل
کرتے ہیں اور وہ اپنے لیے ذاتی سافٹ ویئر تیارکرواتے
ہیں۔
اگر آپ کا مدرسہ اور ادارہ چھوٹا ہے تو اس
کے لیے الگ سافٹ ویئر بنوانے کی ضرورت نہیں ہے؛ بلکہ پہلے
سے بنائے گئے سافٹ ویئرز سے اپنا کام چلاسکتے ہیں۔
(۲) ایم ایس ایکسل
اینڈ ایکسس(MS excel and MS access):
یہ دونوں پروگرام ایم ایس
آفس میں موجود ہوتے ہیں۔ان دونوں کی مدد سے آپ شعبہٴ
حسابات میں بڑی حد تک بہتری لاسکتے ہیں۔ایم ایس
ایکسل میں مخصوص فارمولے فٹ کر کے ایک شیٹ تیار کیا
جاتا ہے،جس میں آپ صرف مختلف اعداد و شمار درج کرنے کی زحمت کریں
گے باقی تما م تر حساب کتاب ان فارمولوں کی مدد سے خود بخود ہوتا
رہتاہے۔
ایم ایس ایکسل آسان ہے ۔جن
مدارس میں حسابات کے لیے کمپیوٹر کا استعمال کیا جاتاہے
ان میں سے اکثریت اسی سے ساراکام چلاتے ہیں۔ ایم
ایس ایکسس اس سے کچھ ایڈوانس ہے۔اس میں ایم ایس
ایکسل کی بہ نسبت زیادہ بہتر کام کیا جاسکتاہے۔اس میں
ڈیٹابیس بنایا جاتا ہے جس میں درج شدہ مختلف اعداد و شمار
کو خود کار طریقے سے جمع کیا جاتاہے ۔
ایم ایس ایکسل اور ایکسس
کے لیے الگ سے مفت ٹیمپلیٹ بھی ملتے ہیں جو صرف
شعبہٴ حسابات کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ان میں
تھوڑی بہت تبدیلی سے مدرسے کے شعبہٴ حسابات کے مطابق آسانی
سے بنایا جاسکتاہے جس کو کمپیوٹر سے ادنیٰ مناسبت رکھنے
والے افراد بھی آسانی سے چلاسکتے ہیں۔ان ٹیمپلیٹس
کو درج ذیل لنک سے مفت ڈاون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
ڈاون لوڈ لنک:
ایم ایس ایکسل میں
شعبہٴ حسابات کے لیے بنائے گئے ٹیمپلیٹس یہاں سے
ڈاون لوڈ کریں
Smartsheet.com
ایم
ایس ایکسس میں شعبہٴ حسابات کے لیے بنائے گئے ٹیمپلیٹس
کو یہاں سے ڈاون لوڈ کریں Access.templates.com
(۳)فری
کوئک بک(Free quick books)
یہ سافٹ ویئر Intuit نامی ادارے
نے ڈیزائن کیا ہے۔عام طور پر جتنے چھوٹے اور متوسط کاروبار ہیں،
ان میں حسابات کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئک بک کو استعمال کیا
جاتاہے۔ اس کی موجودگی میں کسی اور سافٹ ویئر
کی ضرورت نہیں پڑتی ۔اس کی شہرت او ر افادیت
کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ستمبر۲۰۰۵/
تک ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے اکاونٹنگ مارکیٹ کے ۷۴
فیصدحصے پر کوئک بک قابض ہوا۔مارچ ۲۰۰۸/کو ایک
پریس رلیز کے مطابق 94.2 فیصد چھوٹے اور متوسط کاروباری
طبقے کوئک بک استعمال کرہے ہیں۔
ڈاون لوڈ کرنے کا طریقہ:
اسکو quickbooks.intuit.com سے ڈاون لوڈ کیا جاسکتاہے۔ اس کا موبائل ورژن بھی
موجود ہے، جسے پلے سٹور سے مفت ڈاون لوڈ کیا سکتاہے۔
(۴) پیچ ٹری(Peach Tree software)
شعبہٴ اکاونٹنگ میں اس سافٹ ویئر
کو نمایاں مقام حاصل ہے۔بے شمار تعلیمی اور تجارتی
اداروں میں اسی کے ذریعے سے حسابات کو کنٹرول کیا جاتاہے۔عموماً
چھوٹی تجارتوں کے لیے اسے تجویزکیاجاتاہے۔اس کی
سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ نہایت سادہ اور عام فہم
ہے۔ اکاونٹنگ سے زیادہ مناسبت نہ رکھنے والے حضرات بھی اس کو
آسانی سے استعمال کرسکتے ہیں۔کئی مدارس میں پہلے ہی
سے یہ زیراستعمال ہے ۔اس کی نمایا ں خصوصیات
کو ذیل میں ترتیب وار ذکر کیا جاتاہے:
نمایا ں خصوصیات
۱- تمام
تر معلومات اس کے ہوم پیج پر ہی موجود رہتی ہیں،جنہیں
ملاحظہ کرنے میں آسانی رہتی ہے۔
۲- تمام
تر حسابات کا توازن balance آسانی سے معلوم کیا
جاسکتاہے۔
۳- ادارے
کو مجموعی طور پر نفع ہو رہا ہے یا نقصان، اس سافٹ ویئر کی
مدد سے آسانی سے معلوم کیا جاسکتاہے۔اس سے یہ فائدہ ہوتا
ہے کہ نقصان دہ کھاتے کی فوراً پہچان ہوجاتی ہے اور ادارے کو پہنچنے
والے نقصا ن کے ازالے کے لیے مستقبل میں جامع منصوبہ بندی کی
جاسکتی ہے۔
۴- ادارے
کی تمام تر آمدنی اور اخراجات کو ایک جگہ ملاحظہ کیا جا
سکتا ہے۔
۵- ۲۰۰۸/کے
ورژن میں یہ اضافہ بھی کیا گیا تھا کہ دوران حساب
کتاب کسی بل، رسید یا پرچی کو اسکین کر کے اٹیچ
کیا جا سکے گا۔اس سے یہ آسانی ہوگئی کہ سوفٹ ویئر
میں متعلقہ اعداد و شمار کے ساتھ باہر سے کسی بل یا رسید
وغیرہ کو بھی ساتھ اٹیچ کیا جاسکتاہے۔
ان نمایاں خصوصیات کی
وجہ سے کوئک بکس کی بنسبت Peach tree کو زیادہ
شہرت اور پزیرائی ملی۔
(۵)جی این یو کیش(GNU Cash)
یہ بھی اکاونٹنگ کے لیے
ایک مفت اور مفید سوفٹ ویئر ہے۔یہ چھوٹے پیمانے
پر حسابات کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔اس کی
مدد سے آپ ذاتی حساب کتاب بھی آسانی سے کنٹرول کرسکتے ہیں
اور چھوٹے ادارے کے حسابات بھی۔اس کا موبائل ورژن بھی موجود ہے
جسے پلے سٹور سے مفت ڈاون لوڈ کیا جاسکتاہے۔
اس سافٹ ویئر میں آپ اپنی
تمام تر آمدنی ،اثاثہ جات اوراخراجات دیے گئے جدول کے مطابق درج کریں
گے، جس کے بعد سافٹ ویئرخود کار حسابی عمل سے اعداد و شمار کو جمع یا
منفی کردیتاہے اور نتیجہ آپ کے سامنے رکھ دیتاہے۔
نمایا ں خصوصیات
(۱) اس میں موجود ڈیٹا کو ضرورت کے وقت شعبہٴ
حسابات میں موجود کسی دوسرے سافٹ ویئر میں بھی ایکسپورٹ
کیا جاسکتاہے۔
(۲) اس کا چلانا آسان ہے۔تھوڑی سی مناسبت کے بعد
اس سے مناسبت پیدا ہوجاتی ہے۔
(۳) یہ اکیس زبانوں میں موجود ہے۔اس میں
چار زبانوں میں فائلیں بنائی جاسکتی ہیں۔ (۱)
انگریزی (۲) فرانسیسی (۳) پرتگالی(۴)
ہسپانوی۔
(۴) اس میں ہیلپ گائیڈ بھی ہے، جسے دوران
استعمال کسی بھی قسم کی رہنمائی لی جاسکتی ہے۔
(۵) ایک ہی ونڈو میں بیک وقت کئی
اکاونٹس کھولے جاسکتے ہیں۔
(۶) جو معاملات (transaction) آپ درج کرتے ہیں،
ان میں ساتھ ساتھ یہ بھی تحریر کرسکتے ہیں کہ یہ
معاملہ مکمل طور پر کلیئر ہوچکا ہے یا اس میں کچھ باقی ہے۔
(۷) اعداد و شمار کو خودکار حسابی عمل سے گزار کر نہ صرف نتیجہ
سامنے لاتاہے؛ بلکہ انھیں مختلف رپورٹس ۔چارٹس اور گراف کی صورت
میں بھی ڈھال لیتاہے۔
(۸) ان حسابات اور چارٹس وغیرہ کو پرنٹ بھی کیا
جاسکتاہے۔
(۹) اس میں عملہ اورملازمین کی تنخواہوں کا حساب
رکھنا آسان ہوتاہے۔
(۱۰) اس کی سب سے اچھی اور عمدہ خاصیت جو اسے دیگر
سافٹ ویئرز سے ممتازکرتی ہے،یہ ہے کہ اس میں ایک ہی
وقت میں مختلف ممالک کی مختلف کرنسیوں کو درج کیا
جاسکتاہے۔ اس سے سافٹ ویئر کے حسابی عمل پر کوئی فرق نہیں
پڑتا۔
ڈاون لوڈ لنک:اس کو درج ذیل لنک سے
مفت ڈاون لوڈ کیا جاسکتاہے۔
Gnucash.org
اس کا موبائل ورژن پلے اسٹور پر موجود ہے،
جسے پلے اسٹور میں جاکر مفت ڈاون لوڈکیا جاسکتاہے۔
(۶) آن لائن حسابات
عام سافٹ ویئرزکے علاوہ کئی ویب
سائٹس بھی موجود ہیں، جو آپ کو یہ سہولت دیتی ہیں
کہ اپنے ادارے کے لیے الگ سے کسی سافٹ ویئر کو خریدنے کے
بجائے اس ویب سائٹ میں ایک خاص فیس کے بدلے اکاونٹ کھول دیں
اور ادارے کے شعبہٴ حسابات کے تمام ریکارڈ کو آن لائن محفوظ کرائیں۔اس
کا فائدہ یہ ہوتاہے کہ کسی حادثے یا سانحے کے نتیجے میں
ادارے کا تمام ریکارڈ ختم ہوجائے تو بھی اس متعلقہ ویب سائٹ پر
موجود آپ کا ریکارڈ محفوظ رہے گا۔یہ ویب سائٹس آپ کا ریکارڈ
صرف اپنے پاس تک محفوظ رکھتی ہیں، کسی اور سے انھیں شیئر
نہیں کرتی۔
نوٹ:
سائبر کرائم کی وجہ سے عموماً لوگ
اس طریقے پر عمل پیرا ہونے سے کتراتے ہیں،خصوصاً ادارے کے مالی
معاملات اور حسابات کو کسی ویب سائٹ کے سپرد کرنے سے پہلو تہی کی
جاتی ہے؛اس لیے ریکارڈ کی آن لائن حفاظت کے حوالے سے کوئی
باعتماد ادارہ یا ویب سائٹ نظر نہ بھی آئے تو بھی مختلف
سافٹ ویئرز اور پروگرامز کے ذریعے سے مدرے کے شعبہٴ حسابات میں
جدت اور بہتری لانے کی گنجائش موجود رہتی ہے۔
شعبہٴ حسابات کاقیام اور اس میں
جدت اور بہتری لانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ یہ
ادارے کے بہتر مفادمیں ہے،اس کے ذریعے نہ صر ف ادارے پر لوگوں کا اعتماد
بڑھ جائے گا؛بلکہ معاملات کی شفافیت کی وجہ سے ہر قسم کی
کوتاہی اور دھوکہ دہی کا ازالہ ہوسکے گا۔اس سے غلط فہمی
اور غلط بیانی دونوں کی راہیں مسدود ہوجائیں گی۔مختلف
سافٹ ویئرز کے استعمال سے نہ صرف ہم اپنا قیمتی وقت اور پیسہ
بچاسکتے ہیں؛ بلکہ ساتھ ساتھ کام میں سرعت اور سہولت بھی لاسکتے
ہیں۔جس کام کو سرانجام دینے میں پہلے کئی دن لگتے
تھے، آج ان سافٹ ویئرز اور پروگرامز کی مدد سے چند گھنٹوں ؛بلکہ منٹوں
میں پایائے تکمیل کو پہنچ جاتاہے۔
یہ تحریر مدارس کے اربابِ حل
و عقدکے لیے لکھاگیا ہے کہ وہ اس بارے میں غور و خوض فرمائیں
اور تمام مدارس میں شعبہٴ حسابات کے قیام اور اس میں جدت
اور بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات کریں ۔
$$$
-------------------------------------------
ماہنامہ دارالعلوم ، شمارہ10،
جلد:100 ، محرم الحرام 1438 ہجری مطابق اکتوبر 2016ء